سیاسی قوتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر جمہوری تسلسل کے لیے کردار ادا کریں
مشکل وقت میں کارکنان کا عوام کے ساتھ کھڑا رہنا پارٹی کی حقیقی پہچان ہے:سابق گورنر
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے کارکنان کی انتھک محنت، نظریاتی وابستگی اور جمہوری اقدار کے ساتھ وفاداری قابلِ تحسین ہے۔ موجودہ ملکی سیاسی و معاشی حالات میں جب عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گورننس کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے وقت میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کا عوام کے ساتھ کھڑا رہنا پارٹی کی حقیقی پہچان ہے۔انہوں نے یہ بات مخدوم ہاؤس لاہور میں جنوبی پنجاب سے آئے مختلف تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر چیف کوآرڈینیٹر پی پی پی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی حقوق، جمہوریت اور خودمختاری کے اصولوں پر رکھی، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ملک میں جمہوری استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہی افکار و فلسفے کی روشنی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی آج بھی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ سیاسی قوتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے استحکام، آئین کی بالادستی اور جمہوری تسلسل کے لیے کردار ادا کریں۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز، جن میں معاشی دباؤ، سیاسی عدم استحکام اور عالمی سطح پر بدلتی صورتحال شامل ہے، ان کا مقابلہ صرف قومی یکجہتی اور مضبوط پالیسیوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ:- عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کریں- پارٹی کے منشور اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں - نوجوانوں اور خواتین کو پارٹی میں متحرک کریں- جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کریںمخدوم احمد محمود نے کہا کہ پاکستان کی شناخت خود مختاری اور دفاعی قوت کو مضبوط بنانے میں پیپلز پارٹی کا کردار تاریخی ہے، اور آج بھی پارٹی قیادت عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔