پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کی جیت ہے:خورشید احمد شاہ

 اسلام آباد (آن لائن)  پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی خورشید احمد شاہ نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں تمام کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے اور جمہوریت ہماری سیاست کا بنیادی ستون ہے، جس کی پاسداری کے لیے پارٹی ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی۔خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو پیپلز پارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی یہ فتح پارٹی کے عوام دوست وژن اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کا مظہر ہے۔