چین کے دارالحکومت میں نئی نو فلائی زون کے قیام کا اعلان

چین کے دارالحکومت میں نئی نو فلائی زون کے قیام کا اعلان

چین کے دارالحکومت بیجنگ اور اس کے گرد مخصوص فضائی حدود میں نیا نو فلائی زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا نفاذ 20 ستمبر 2026 سے ہوگا۔

چینی حکام کے مطابق نئی پابندی کا مقصد فضائی حدود کی سکیورٹی مزید سخت کرنا، حساس تنصیبات کا تحفظ اور زمین پر موجود شہریوں و املاک کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔حکام نے تاحال نئے نو فلائی زون کی حتمی حدود، رقبے اور اونچائی کی حد کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔تاہم عام مسافر ایئرلائنز کی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی، جبکہ ہنگامی اور امدادی پروازوں کو بھی اجازت ہوگی۔ پابندی کا زیادہ تر اطلاق چھوٹے نجی طیاروں، جنرل ایوی ایشن اور غیر مجاز فضائی سرگرمیوں پر ہوگا۔بیجنگ کے حساس سیاسی مرکز میں پہلے ہی تقریباً 100 مربع کلومیٹر پر مستقل نو فلائی زون موجود ہے، جبکہ نئی پابندی کے ذریعے فضائی نگرانی اور سکیورٹی نظام مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔اس فیصلے کا پس منظر 26 جون 2026 کو پیش آنے والا حادثہ بھی قرار دیا جارہا ہے، جب ایک چھوٹا جنرل ایوی ایشن طیارہ بیجنگ کے مرکزی کاروباری علاقے میں واقع سی آئی ٹی آئی سی ٹاور سے ٹکرا گیا تھا۔حادثے میں طیارے کا 66 سالہ پائلٹ ہلاک جبکہ زمین پر موجود 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔