لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیفنس انڈر پاس میں ٹریفک بلاک کرکے ہنگامہ آرائی کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزمان کو ٹریفک بلاک کرکے ہنگامہ آرائی کرتے دیکھا گیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں اور وائرل ویڈیو کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت کی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈیفنس سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان اویس رضا اور محمد احمد کو گرفتار کر لیا جبکہ ہنگامہ آرائی میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 2305/26 درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، شہری ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں۔