ناکے پر سندر پولیس پر فائرنگ کرنیوالا خالد ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے دونوں ڈاکوئوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ،تفصیلات کے مطابق سندر پولیس نے ناکے پر 2 موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی،پولیس نے تعاقب کیا تو 1 ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس کی شناخت خالد یونس کے نام سے ہوئی جو سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ رائیونڈ کے علاقے لاکھووال روہی نالہ کے قریب ہوا جہاں ناکہ بندی کے دوران تین مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا ، انہوں نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم عرفان ولد غلام فرید اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا ،ملزم کے ساتھیوں کی شناخت مدثر ولد عاشق اور مقصود ولد حاجی خان کے نام سے ہوئی ہے۔