وزیراعظم نے رجسٹریشن کیلئے ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت کردی

عوامی نمائندے اور رضاکار عوام کو فیول سبسڈی سکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں:وزیراعظم
شہباز شریف سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے عزم کا اعادہ،  سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت پر اجلاس ہوا جس دوران وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کیلئے رجسٹریشن کیلئے درکار ایس ایم ایس کو مفت  کرنے کی ہدایت  کر دی۔وزیراعظم نے چیف کمشنر آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے‘شہبازشریف نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا  رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔وزیراعظم  نے فیول سبسڈی سکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہناتھا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے، دریں اثناء لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے لبنانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا، دونوں جانب سے داخلی امور اور سکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔اس مفاہمتی یادداشت پر پاکستان اور لبنان کے متعلقہ وزرائے داخلہ نے دستخط کیے، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت سزا یافتہ شہریوں کو اپنی باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں مکمل کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار فراہم کیا گیا ہے۔