لاہور میں سموگ کی شدت نے خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے، جس سے شہریوں کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور دنیا کے سب سے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آ گیا ہے۔ سی ای آر پی آفس میں AQI 1587، مراتب علی روڈ پر 1404، امریکی قونصلیٹ پر 812، جوہر ٹاؤن میں 732، اور غازی روڈ پر 645 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلبرگ میں AQI 2816 اور بیدیاں روڈ پر 2726 تک پہنچ گیا، جو خطرناک سطح سے بھی اوپر ہیں۔ملتان 710 AQI کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور کی فضا بھی انتہائی آلودہ ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سموگ سے متاثرہ شہریوں کے لئے بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے فضا میں بہتری کی امید ہے۔ لاہور میں سموگ کے کنٹرول کے لئے موبائل ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن نصب کیا گیا ہے اور گرین لاک ڈاؤن کے ذریعے آلودگی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ آج لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، بھکر، لیہ، اور ڈی جی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے سموگ میں کمی متوقع ہے۔