ہیٹ ویو وقت سے پہلے چھٹیوں کاامکان

 گرمی زیادہ بڑھی تو چھٹیاں مئی کے تیسرے ہفتے کے اختتام پر کی جا سکتی ہیں:حکومتِ پنجاب 
لاہور(خصوصی رپورٹ) حکومتِ پنجاب کی طرف سے سکولوں اور کالجوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا تاہم گرمی کی شدید لہر کے سبب گرمیوں کی چھٹیاں مئی کی 22یا 23 تاریخ کو ہی ہونے کا قوی امکان ہے۔حکومت نے چند روز پہلے  واضح کیا ہے کہ اگر گرمی زیادہ بڑھی تو گرمی کی چھٹیاں مئی کے تیسرے ہفتے کے اختتام پر کی جا سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدید لہر آنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے ادارہ نے الرٹ جاری کیا ہے جس میں عوام کو گرمی کی شدید لہر سے بچنے کے لئے دھوپ میں کم سے کم رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ اس الرٹ میں ہسپتالوں کو غیر معمولی صورتحال کے لئے تیار رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔امکان ہے کہ پنجاب حکومت ہیٹ ویوکے دوران کم سن بچوں کو شدید گرمی ، ہیٹ سٹروک اور سن سٹروک سے بچانے کے لئے گرمیوں کی چھٹیاں معمول کے وقت سے ایک ہفتہ پہلے یعنی مئی کی 22یا23 تاریخ تک کر سکتی ہے۔