اسلام آباد: آپریشن بنیان مرصوص کے تحت پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف فتح 1 اور فتح 2 میزائل سسٹمز کے کامیاب استعمال کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں بھارتی علاقے پٹھان کوٹ کی اہم تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان نے 10 مئی کو فتح ون اور ٹو سمیت دیگر جدید ہتھیاروں کے ذریعے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر موثر اور کامیاب میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں بھارتی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتح 1 اور 2 میزائل سسٹمز نے اعلیٰ درستگی کے ساتھ دشمن کی اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے ان کی صلاحیتوں کو زبردست دھچکا لگا۔ ان حملوں کے ذریعے بھارتی فوج کو نہ صرف بنیادی عسکری نقصان اٹھانا پڑا بلکہ اسے جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا۔
فوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 10 مئی کا دن بھارت کی تاریخ میں ایک "یادگار سبق" کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس دن پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور درست حکمت عملی سے دشمن کو نہ صرف جواب دیا بلکہ علاقائی امن کے قیام کے لیے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔واضح رہے کہ فتح ون اور ٹو میزائلز شارٹ رینج بیلسٹک میزائلز ہیں جو پاکستانی ڈیفنس سسٹم میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ایئر بیسز اور اسٹریٹجک اثاثوں کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔