امریکی دھمکیوں پر ایرانی صدر کا سخت ردعمل، "ہر انچ کا دفاع کریں گے"

امریکی دھمکیوں پر ایرانی صدر کا سخت ردعمل،

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ سخت بیانات کے بعد ایران نے بھی دوٹوک ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سرزمین کے ہر حصے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا اور کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکا جائے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری ٹی وی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا۔ انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر جنگی مقاصد حاصل ہو چکے ہیں تو پھر مسلسل دھمکیوں کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو اپنے اقدامات کے نتائج پر غور کرنا چاہیے۔ ان کے بقول، ایرانی قوم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے متحد ہے اور ہر ممکن اقدام کرے گی۔

اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا تھا کہ مخالف فریق پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باقاعدہ جنگی راستہ اختیار کر چکا ہے، اس لیے اس یادداشت کی اب کوئی عملی حیثیت باقی نہیں رہی۔دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور اس کی پائیدار ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان کی بھی منظوری دے دی ہے، جسے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔