گووندا 7 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کیلئے تیار

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار گووندا تقریبا 7 سال بعد فلم روپا کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔تجربہ کار اداکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس فلم کا اعلان کیا، جہاں انہوں نے نئی آنے والی اداکارہ رانی سوارنکار کو بھی متعارف کروایا، جو ان کے مدمقابل نظر آئیں گی۔مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ گووندا اس فلم کو پروڈیوس بھی کر رہے ہیں۔ایک طویل عرصے بعد سنیما میں واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے گووندا نے کہا کہ شاید یہ قسمت ہی تھی کہ مجھے اتنی بار نظر انداز کیا گیا۔ لوگ کہتے رہے، اب وہ فلموں میں نظر نہیں آئے گا لیکن میں نے ہمیشہ ایک نئی شروعات کی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ یہ فلم وہ کامیابی حاصل کرے جس کا میں نے تصور کیا ہے کچھ ایسا جس کا لوگ اندازہ بھی نہ لگا سکیں اور اپنا جادو دکھائے۔