صدر لاہور چیمبر کا حکومتی پیشکش پر مشروط مذاکرات کا فیصلہ

لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ تاجر کنونشن میں ہزاروں تاجروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا۔ تاجر برادری کی رائے لینے کے بعد صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مشروط طور پر قبول کر لی تاہم واضح کیا کہ 19 جولائی کی ملک گیر ہڑتال اپنے اعلان کے مطابق ہوگی۔تاجر کنونشن سے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، تاجر و صنعتکار تنظیموں کے نمائندگان اور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے خطاب کیا۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ کاروباری برادری کو سخت اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔ ہم ہڑتال شوق سے نہیں کر رہے بلکہ مجبوری کی انتہا پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 37AA کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صنعت و تجارت کو تباہ کرے گا۔