25 کیسز کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ،زیادہ تر کاتعلق خیرپور سے ہے
کراچی میں مزید1کیس رپورٹ،تعداد4ہوگئی،محکمہ صحت کیاقدامات تیز
کراچی (خصوصی رپورٹ) سندھ میں گزشتہ روز تک ایم پاکس کے مجموعی طور پر 122 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 25 کیسز کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 9 اموات سامنے آئی ہیں۔اس دوران 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ایک کراچی اور ایک خیرپور سے تعلق رکھتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر کیسز ضلع خیرپور سے رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں 18 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے، اس کے علاوہ سکھر سے 3 اور کراچی سے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فوری اقدامات کیے ہیں، جن میں تمام ضلعی اور بڑے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز کا قیام، نمونہ جات کی بروقت ترسیل کے لیے مربوط نظام اور سندھ بھر میں ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس یونٹس کی فعالیت شامل ہے۔مزید اقدامات میں طبی عملے اور متاثرہ افراد کے قریبی رابطوں کی ٹریسنگ، انفیکشن کنٹرول کے سخت نفاذ، طبی آلات کی مکمل جراثیم کشی اور متاثرہ علاقوں میں فعال کیس کی تلاش شامل ہیں۔محکمہ صحت نے عوام اور طبی عملے سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال میں خصوصی احتیاط برتیں۔