توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج تک ملتوی ،فلک جاویدکا 14روزہ جسمانی ریمانڈ
لاہورکی عدالتوں میں سرکاری وکلا اور گواہوں کی عدم دستیابی پر سماعتیں ملتوی
اسلام آباد،لاہور(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس میں وفاقی پولیس نے اسلام آباد میں درج مقدمات کی رپورٹ جمع کرا دی گئی ،وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے ، رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 17 مقدمات درج ہیں، جن میں مختلف نوعیت کی دفعات شامل ہیں، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی پیش نہ ہونے کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی آج تک ملتوی کردی گئی،گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت نہ ہوسکی اورجوڈیشل کمپلیکس سے ہی سماعت ملتوی کر گئی ،استغاثہ آج حتمی دلائل پیش کرے گا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کے جج منظرعلی گل کی عدالت میں زمان پارک کے باہر جلائو گھیرائو کے مقدمے میں پولیس نے فلک جاوید کی گرفتاری ڈال دی ،عدالت نے ملزمہ کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نو مئی عسکری ٹاور حملہ سمیت چار مقدمات کے جیل ٹرائل پر سماعت ہوئی،عدالتی عملے نے ملزموں کی حاضری مکمل کی،گواہ اور وکلا کی عدم دستیابی کے باعث زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ کی سماعت 16 اکتوبر جبکہ عسکری ٹاور حملہ سمیت تین مقدمات کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں میاں محمود الرشید اوراعجاز چودھری کی نو مئی کے مقدمے میں دس سال قید کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی ،سرکاری وکیل کی عدم دستیابی کے باعث محمودالرشیدکے مقدمہ کی سماعت 25 اکتوبر اوراعجاز چودھری کے مقدمہ کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔