ویب ڈیسک: امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا جہاں ایک چھوٹا طیارہ مین ہائی وے پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
میساچوسٹس اسٹیٹ پولیس کے مطابق حادثہ علی الصبح پیش آیا جب ایک طیارہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور انٹراسٹیٹ 195 ہائی وے کے قریب آ گرا۔ تصادم کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں دور دور تک پھیل گیا، جس کے باعث ہائی وے کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد طیارے میں سوار تھے، جبکہ ایک راہ گیر خاتون جو اپنی کار میں جا رہی تھیں، حادثے کے ملبے سے زخمی ہو گئیں۔ انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں جلتے ہوئے ملبے اور دھوئیں کے بادلوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبہ ہٹانے کا عمل شروع کیا۔
پولیس نے ابتدائی طور پر بتایا ہے کہ طیارہ ممکنہ طور پر نیو بیڈفورڈ ریجنل ایئرپورٹ پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پائلٹ نے ایئرپورٹ کنٹرول ٹاور سے کوئی رابطہ کیا تھا یا نہیں۔ریاستی محکمۂ ٹرانسپورٹ کے مطابق، حادثے کے مقام کے قریب دونوں اطراف کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔