ویب ڈیسک:پنجاب کے شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ محکمہ موسمیات نے آج شام سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سموگ کی شدت میں کمی کی امید ہے۔
لاہور میں حالیہ سموگ کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 700 سے 900 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ لاہور میں اس وقت درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور فضا میں خنکی بھی محسوس کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 16 نومبر کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، ان بارشوں سے سموگ میں کمی کا امکان ہے، جو شہریوں کے لیے راحت کا باعث ہوگی۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، خاص طور پر چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ اور مردان سمیت کئی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔شہریوں کو دوران سفر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جن میں ماسک اور گلاسز کا استعمال شامل ہے۔