ایم پی اے ایوب گادھی پر حملہ کیس: اہم ملزم لاہور سے گرفتار

ایم پی اے ایوب گادھی پر حملہ کیس: اہم ملزم لاہور سے گرفتار

لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی کرنل (ر) سردار ایوب گادھی پر حملے کے کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک ملزم کو لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو مزید پوچھ گچھ کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے میں ایم پی اے ایوب گادھی کے ڈیرے پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے جبکہ چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کی تھی اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

اس سے قبل آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کی تھی اور ذمہ داران کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔پولیس حکام کے مطابق کیس کی تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔