منصوبہ شروع ہوتے ہی ختم ، ٹھیکیدار رقم سمیت غائب ہو گیا،پیشگی ادائیگی پی ٹی آئی دورمیں کی گئی
پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ایک ماہ کے اندر منصوبہ شروع کرنے یا رقم واپس کرنے کی ہدایت کردی
پشاور (آئی این پی )کوہستان کے بعد مردان میں بھی کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آ گیا۔ مساجد کی سولرائزیشن کے لیے شروع کیا گیا 260 ملین روپے کا منصوبہ مبینہ کرپشن کی نذر ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق منصوبہ شروع ہوتے ہی ختم ہو گیا اور ٹھیکیدار رقم سمیت غائب ہو گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشگی ادائیگی پی ٹی آئی کے گذشتہ دور حکومت میں کی گئی تھی۔ منصوبے میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔معاملہ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں اٹھا لیا گیا ہے اور تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ کمیٹی نے ایک ماہ کے اندر منصوبہ شروع کرنے یا رقم واپس کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ بصورت دیگر متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔پبلک اکائونٹس کمیٹی نے محکمہ اینٹی کرپشن کو ہدایت کی ہے کہ ٹی ایم او اور ٹھیکیدار کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکینڈل میں ٹی ایم او کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔