16 ہزار 413 مشتبہ افراد کی چیکنگ،98 مشکوک حراست میں لئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 443کومبنگ آپریشنز کیے گئے،16 ہزار 413 مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 98 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 33 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، 2640 افراد سے پوچھ گچھ جبکہ 2 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ سنگین جرائم میں ملوث 216 اشتہاری، 121 عدالتی مفرور اور 28 عادی مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کے دوران 6 مجرم کیفر کردار کو پہنچے، 3 زخمی ہوئے اور 5 کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔