ایران کے جنوبی علاقوں میں امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ایرانی حکام اور مقامی میڈیا کے مطابق یہ حملے منگل کی صبح ہرمزگان اور خوزستان صوبوں کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں ہرمزگان صوبے کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک ماحولیاتی سہولت اور جانوروں کے چارے کا گودام بھی شامل ہے۔ہرمزگان کے محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل مسیحی تازیانی نے بتایا کہ ادارے کا ایک ماحولیاتی کارکن، جو حملے کے وقت اپنے گھر کے باہر موجود تھا، محفوظ رہا، تاہم اس کے دو بیٹے اور بہو حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔دوسری جانب سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خوزستان صوبے کے سیکیورٹی امور کے نائب گورنر ولی اللہ حیاتی نے بتایا کہ عمیدیہ کے بعض علاقوں کو مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بج کر 10 منٹ پر فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔تاحال امریکی حکام کی جانب سے ان حملوں پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ حملوں کے اہداف اور نقصان کی مکمل تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔