مقابلے، زیادتی و قتل کے ملزم سمیت 3 ہلاک

ننکانہ صاحب میں فیصل ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا،ساہیوال میں کبیر اورقصور میں بھی ڈکیتی کے ملزم مارے گئے
ننکانہ صاحب ،ساہیوال،تلونڈی(خصوصی رپورٹ)مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے،کمسن معصوم بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس کے مرکزی ملزم سمیت 3 ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں گزشتہ رات قبرستان ڈفر کھوکھراں کے قریب پولیس نے موٹر سائیکل سوار تین ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،جوابی کارروائی کے دوران مفرور ملزم فیصل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم فیصل کی شناخت چار سالہ معصوم بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس کے مرکزی ملزم کے طور پر ہوئی جو اس مقدمے میں پولیس حراست سے فرار ہونے کے بعد مفرور تھا۔ ادھر ساہیوال میں تھانہ یوسف والا کی حدودمیں نواحی گا ئوں 78/9-L کے قریب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ میں ڈکیتی کا خطرناک ملزم ہلاک اور دوسرا فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت کبیر کے نام سے ہوئی ہے ،لاش ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ادھر قصور کے علاقہ تلونڈی میں ببر کھائی روڈ پر مسلح ڈاکو ئوں نے چھ شہریوں کو لوٹ لیا اور بعدازاں ملزمان کا مبینہ طور پر پولیس سے مقابلہ ہوگیا، اس دوران ایک مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔پولیس نے تمام ملزموں کی لاشیں متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دی ہیں۔