محرم کے بغیر حج کی اجازت، سعودی عرب کا خواتین کے لیے اہم فیصلہ

محرم کے بغیر حج کی اجازت، سعودی عرب کا خواتین کے لیے اہم فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے خواتین حاجیوں کے لیے محرم کی شرط ختم کردی ہے، جبکہ آئندہ حج کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکومتی سطح پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین عامر ڈوگر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کمیٹی کو حج 2025ء کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ 2025ء کا حج تاریخی طور پر کامیاب رہا، سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو پہلی مرتبہ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ حاجیوں کی جانب سے بھی عمدہ فیڈبیک موصول ہوا، عرفات میں ایئر کنڈیشنڈ خیمے، شعائر مقدسہ میں بہتر سہولیات، اور مسائل کے فوری حل جیسے اقدامات سے حاجیوں کو بڑی سہولت ملی۔

خواتین کے بغیر محرم حج کی اجازت
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سعودی حکومت نے اب خواتین حاجیوں کے لیے محرم کی شرط ختم کر دی ہے، جس سے بڑی تعداد میں خواتین آئندہ سال محرم کے بغیر بھی حج پر جا سکیں گی۔

قسطوں میں ادائیگی کی سہولت
انہوں نے کہا کہ حکومت حج کے اخراجات قسطوں میں وصول کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، تاکہ متوسط اور کم آمدنی والے شہریوں کے لیے آسانی پیدا ہو۔

روڈ ٹو مکہ سہولت کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ
سردار یوسف نے بتایا کہ اس سال صرف اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر "روڈ ٹو مکہ" سہولت دی گئی تھی، تاہم آئندہ حج میں لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر بھی یہ سہولت مہیا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

حج کوٹا میں اضافے کی درخواست
وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال پاکستان کو 1 لاکھ 89 ہزار حاجیوں کا کوٹا ملا، تاہم 63 ہزار افراد حج سے محروم رہ گئے۔ آئندہ سال کے لیے 2 لاکھ 55 ہزار حاجیوں کا کوٹا حاصل کرنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔ اب تک 4 لاکھ 55 ہزار افراد نے حج کی رجسٹریشن کروائی ہے۔

رجسٹریشن، رقم کی واپسی اور ترجیحات
اجلاس میں کمیٹی ممبران نے سوال اٹھایا کہ جو حاجی اس سال نہ جا سکے، کیا انہیں آئندہ سال ترجیح دی جائے گی؟ وزیر مذہبی امور نے جواب دیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ان افراد کو آئندہ سال ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 365 ملین ریال موجود ہیں، جن میں سے حاجیوں کو ان کی رقم واپس لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔

بھارت کی کمپنی سے متعلق افواہیں
وزیر مذہبی امور نے واضح کیا کہ بھارت کی کوئی کمپنی پاکستانی حاجیوں کو لے کر نہیں گئی۔

آئندہ سال کے لیے تیاری شروع
سردار یوسف نے بتایا کہ نئی حج پالیسی مرتب کی جا رہی ہے اور اس میں پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی تجاویز بھی شامل کی جائیں گی۔ کمیٹی چیئرمین عامر ڈوگر اور دیگر ارکان نے اس سال حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اور متعلقہ عملے کو مبارکباد دی۔