منصوبے پر سات ارب ، ساٹھ کروڑ روپے لاگت آئے گی:وزیر اطلاعات
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے سب سے بڑے زچہ بچہ لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی عمارت گرا کر دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ،منصوبے پر سات ارب ، ساٹھ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ہسپتال کے تین یونٹس میں سے ایک کو شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال اور باقی دو کو دوسرے ہسپتالوں میں شفٹ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں بادشاہی مسجد کے بالکل قریب واقع لیڈی ولنگٹن اسپتال کاشمار پنجاب کے بڑے میٹرنٹی ہسپتالوں میں ہوتا ہے۔۔۔یہاں ہرروز خواتین کی ایک بڑی تعداد علاج معالجے کے لیے آتی ہے۔ ابتدائی طور پر سب سے پہلے یہاں 1925 میں گائنی سے متعلق مرکز صحت قائم کیاگیا تھا۔بعد میں 1930 میں اسے وسعت دے کر56 بیڈز پر مشتمل ہسپتال قائم کردیاگیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ وقت کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 1933 میں اِسے ٹیچنگ ہسپتال میں تبدیل کردیا گیا اور تب سے لے کر اب تک یہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق اب اِس کی عمارت کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی موجودہ عمارت گرا کر دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔منصوبے کی تکمیل پر 7 ارب، 60 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔