گرفتار ملزموں میں 33 اشتہاری، 21 عدالتی مفرور ،4 عادی مجرم شامل
لاہور(کرائم رپورٹر)شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے موبائلز سکواڈ کی جانب سے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق پولیس الرٹ ہے اور ناکہ جات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔موبائلز سکواڈ نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث 119 ملزمان کو گرفتار کیا گرفتار ملزمان میں 33 اشتہاری، 21 عدالتی مفروران اور 4 عادی مجرم شامل ہیں، جنہیں ای پولیس ایپ کی مدد سے شناخت اور گرفتار کیا گیا۔موبائلز سکواڈ نے اسلحہ کی نمائش اور منشیات کی روک تھام کے خلاف بھی کارروائیاں کیں، جن کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئیں۔ ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 52 ہزار 148 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ 59 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ اس دوران 5 ہزار 819 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی چیک کیا گیا۔ایس پی موبائلز اختر نواز نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے اشتہاریوں اور مجرمان کی شناخت کا عمل مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائلز سکواڈ کے جوان موسمی حالات کو پس پشت ڈالتے ہوئے شہر لاہور کو محفوظ بنانے کے لیے بھرپور تندہی سے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔