پارلیمانی پارٹی یکسوئی کیساتھ سسٹم کے ساتھ کھڑی ہے،حکومت کے اتحادی رہیں گے : راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی ورچوئل صدارت کی جس میں صدر کی منظوری کے بغیر آرڈیننس کے اجرا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے ن لیگ سے اختلافات ختم ہونے کی تصدیق کردی۔رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، شہلا رضا،عبدالقادرپٹیل ، آغا رفیع اللہ،نازبلوچ،نوابزادہ افتخار،پرویزاشرف، شازیہ مری،قاسم گیلانی شریک ہوئے۔اجلاس میں صدر کی منظوری کے بغیر آرڈیننس کے اجرا پر مشاورت کی گئی جبکہ اراکین نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز سے متعلق شکایات کیں۔ راجہ پرویز اشرف نے پیپلزپارٹی اورن لیگ کے اختلافات ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی یکسوئی کیساتھ سسٹم کے ساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل انہیں سے پوچھیں وہی بتا سکتے ہیں، اتحادی ہیں اتحادی رہیں گے ، مجھے سسٹم میں تبدیلی نظرنہیں آرہی،حکومت نے آرڈیننس پر ہمارے واک آئوٹ کا نوٹس لیا،جو اچھی بات ہے، حکمران اتحاد میں مکمل یکجہتی کی فضا ہے۔