اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز موبائل ایپ کے ذریعے اسکولوں کی ماہانہ مانیٹرنگ کریں گے
پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی کو اے ای او کی نگرانی کے بغیر اسکول نہیں جانے دیا جائے گا،حکام
لاہور( خصوصی رپورٹ) حکومت پنجاب نے سرکاری اسکولوں کی مانیٹرنگ کے نظام میں اصلاحات کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اسکولوں کی نگرانی اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کے ذریعے کی جائے گی۔اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اے ای اوز کی ماہانہ مانیٹرنگ کے لیے موبائل ایپ فعال کر دی ہے اور تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو لاگ اِن کریڈنشلز جاری کر دیے گئے ہیں، تاکہ اسکولوں کی رپورٹنگ میں شفافیت اور کارکردگی بہتر ہو سکے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ای ایز کی رپورٹ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے طور پر سمجھی جائے گی، جبکہ اے ای اوز کی رپورٹ کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی سرکاری معلومات کے برابر اہمیت حاصل ہوگی۔ہر اے ای او اپنے مرکز کے پرائمری اور ایلیمنٹری اسکولوں کی نگرانی کے پابند ہوں گے، اور کسی بھی صورت میں پرائمری یا ایلیمنٹری ٹیچر (پی ایس ٹی/ای ایس ٹی) اسکول کا دورہ اے ای او کی نگرانی کے بغیر نہیں کر سکے گا۔اس اقدام سے تدریسی معیار، فیلڈ رپورٹنگ اور تعلیمی انتظامات میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے