دمشق(آئی این پی )شام کی نئی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد ملک کا آئین اور پارلیمنٹ تین ماہ کی عبوری مدت کے لیے معطل رہے گی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عبیدہ ارناط نے کہا ہے کہ ایک عدالتی اور انسانی حقوق کی کمیٹی قائم کی جائے گی جو آئین کا جائزہ لے گی اور پھر ترامیم پیش کرے گی۔ موجودہ آئین 2012 کا ہے اور اس میں اسلام کو ریاستی مذہب کے طور پر متعین نہیں کیا گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں شام کی نئی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اقتدار کی منتقلی کے لیے اسد انتظامیہ کے سالویشن گورنمنٹ کے وزرا اور سابق وزراء کے درمیان منگل کو ایک میٹنگ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ عبوری دور تین ماہ تک جاری رہے گا۔