اٹلی کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے ڈوبنے سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب پیش آیا۔تارکینِ وطن کے عالمی ادارے (UNHCR) اور عالمی ریڈ کراس کے مطابق حادثے کے بعد 60 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران امدادی ٹیموں نے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں بھی نکال لیں۔رپورٹس کے مطابق دونوں کشتیاں لیبیا سے روانہ ہوئی تھیں اور ان میں مجموعی طور پر 95 افراد سوار تھے۔ حادثے کی وجوہات کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم حکام کے مطابق ممکنہ طور پر موسم کی خرابی اور کشتیوں کی حالت اس سانحے کا باعث بنی۔