چین میں نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کو اچانک عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
چین کی وزارتِ انسانی وسائل نے اپنی ویب سائٹ پر ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے اس برطرفی کا اعلان کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ چین کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے کیا گیا ہے۔ تاہم، بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ سن ویڈونگ کو کیوں اور کب برطرف کیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق، سن ویڈونگ نے اپنی آخری سرگرمیاں 13 مارچ کو انجام دی تھیں، جن میں چین میں برونائی اور ملائیشیا کے سفیروں سے ملاقاتیں شامل تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال چین میں 10 لاکھ سے زائد بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات کی گئیں اور تقریبا 9 لاکھ 38 ہزار افراد کو سزائیں سنائی گئیں۔ سالانہ رپورٹ کے مطابق، تادیبی کارروائی کی کارروائیوں میں 69 صوبائی یا وزارتی سطح کے عہدیدار، 4 ہزار 155 بیوروکریٹس، 35 ہزار ضلعی سطح کے اہلکار اور 1 لاکھ 25 ہزار تحصیلی یا مقامی سطح کے عہدیدار شامل تھے۔