دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری، رونالڈو ایک بار پھر سرفہرست

دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری، رونالڈو ایک بار پھر سرفہرست

غیرملکی ویب سائٹ نے 2024 میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر سب سے آگے ہیں۔

 برطانوی اخبار "دی سن" کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 40 سالہ پرتگالی فٹبالر رونالڈو نے 2024 میں تقریباً 192 ملین پاؤنڈ (72 ارب 28 کروڑ پاکستانی روپے) کمائے، جو میسی کی کل آمدن 99 ملین پاؤنڈ (37 ارب 53 کروڑ پاکستانی روپے) سے تقریباً دگنی ہے۔ رونالڈو مسلسل دوسرا سال ہے جب دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی قرار پائے ہیں، اور اس فہرست میں کھلاڑیوں کی تنخواہ، جیتنے کی رقم، اشتہارات اور برانڈ ڈیلز کو شامل کیا گیا ہے۔فہرست میں گالف کے کھلاڑی جان راہم دوسرے نمبر پر ہیں جن کی آمدن 161.32 ملین پاؤنڈ رہی، جبکہ میسی تیسرے نمبر پر براجمان ہوئے۔ دیگر بڑے ناموں میں باسکٹ بال کے مشہور کھلاڑی لیبرون جیمز چوتھے نمبر پر (94.87 ملین پاؤنڈ) اور اسٹیفن کری نویں نمبر پر (75.38 ملین پاؤنڈ) شامل ہیں۔فٹبال کے دیگر اسٹارز بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جن میں کائلن ایمباپے چھٹے نمبر پر، نیمار ساتویں اور کریم بنزما آٹھویں نمبر پر ہیں۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ لیونل میسی کی آمدن کا بڑا حصہ کھیل کے میدان سے زیادہ اسپانسرشپ اور برانڈ ڈیلز سے آتا ہے، اور وہ اس فہرست کے صرف دو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کی آمدن کھیل کے علاوہ ذرائع سے زیادہ ہے۔ماہرین کے مطابق فٹبالرز کی بڑی تعداد کا اس فہرست میں شامل ہونا اس کھیل کی عالمی مقبولیت اور خصوصاً سعودی پرو لیگ کی مالی طاقت کو ظاہر کرتا ہے، جہاں کئی بڑے اسٹارز موجود ہیں۔ رونالڈو اور میسی دونوں اب بھی شاندار فارم میں ہیں، اور آئندہ ورلڈ کپ ممکنہ طور پر ان کے کیریئر کا آخری بڑا عالمی ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔