مشیر وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کو فون کرکے پیغام پہنچایا
ملاقات سے قبل حکومت اورجماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کی میٹنگ میں مشاورت ہوگی
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم میاں شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے اور رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم کا پیغام امیر جماعت اسلامی تک بالواسطہ پہنچا دیا ہے۔وزیراعظم اور حافظ نعیم کی ملاقات سے قبل حکومت و جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کی میٹنگ ہوگی۔مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کو فون کرکے پیغام پہنچایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف وعدہ کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات سے پہلے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس پر بھی مشاورت ہوگی۔جماعت اسلامی کے مطابق کمیٹیوں کے اجلاس میں لیوی کے خاتمے کے لئے واضح ایجنڈے اور نکات پر بات ہوگی۔لیاقت بلوچ نے کہا پٹرولیم لیوی بھتہ کا خاتمہ عوام کے لیے حقیقی ریلیف ہوگا۔