ایران کیخلاف فوجی کارروائی سمیت مختلف آپشنز زیرِغور ہیں: ٹرمپ

صورتحال بگڑ رہی ہے، اطلاعات ہیں   ایسے افراد مارے جا رہے ہیں جنہیں نہیں مارا جانا چاہیے تھا
 امریکی فوج ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا:صحافیوں سے گفتگو
 واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے  ایران نے حال ہی میں جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا ہے اور امریکا اس حوالے سے ملاقات پر غور بھی کر سکتا ہے، تاہم ساتھ ہی ایران کے حوالے سے مختلف آپشنز، بشمول فوجی کارروائی زیرِغور ہے۔صدر ٹرمپ نے اتوار کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے رہنمائو ں نے کل فون کیا، ایک ملاقات طے کی جا رہی ہے، وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔تاہم امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکا ملاقات سے پہلے ایران کے خلاف فوجی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں صورتحال بگڑ رہی ہے اور اطلاعات ہیں کہ ایسے افراد مارے جا رہے ہیں جنہیں نہیں مارا جانا چاہیے تھا۔ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ طاقت اور تشدد کے ذریعے حکومت کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مختلف سخت آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔