ضمانت کے کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ؟وکلا قانونی معاونت کریں،چیف جسٹس
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) سپریم کورٹ نے نو مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کیا ضمانت کے کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں؟ اس فیصلے میں فائنڈنگز ٹھیک ہیں یا نہیں، اس کو فی الحال ٹچ نہیں کریں گے۔ دونوں فریقین کے وکلاء قانونی سوالات پر معاونت کریں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی مقدمات میں آٹھ ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں فائنڈنگز دی ہیں، کیا ضمانت کے کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں؟فی الحال ابھی ہم قانونی معاملات میں نہیں جائیں گے، ابھی قانونی فائنڈنگز کو ٹچ کیا تو کسی ایک کیلئے کیس متاثر ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ ایسی کوئی فائنڈنگ نہیں دے گی جس سے کسی کا کیس متاثر ہو۔ وکلا آئندہ سماعت تک قانونی معاملات پر تیاری کرلیں۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کچھ کہنے کی اجازت چاہی تاہم چیف جسٹس نے وکیل سلمان صفدر کو روسٹرم پر بولنے کی اجازت نہ دی۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت19اگست تک ملتوی کردی۔