فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کے دائرہ اختیار (جوریڈکشن) کی تبدیلی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اب اس حوالے سے کسی بھی قسم کی فزیکل درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف آئی آر آئی ایس (IRIS) ماڈیول کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کروائیں۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ چیف کمشنرز کی جانب سے این او سی آن لائن جاری کیا جائے گا۔ادارے کا کہنا ہے کہ نیا آن لائن سسٹم شفافیت، بہتر کارکردگی اور ٹیکس گزاروں کے لیے سہولت کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جوریڈکشن کی تبدیلی کے لیے جمع کرائی گئی سینکڑوں فزیکل درخواستیں زیر التوا تھیں، جس کی وجہ سے آڈٹ، ڈاکومنٹس کی تبدیلی اور دیگر مسائل جنم لے رہے تھے۔ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان کو نئے سسٹم سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کر دی ہے تاکہ وہ بروقت اور آسانی سے اپنے دائرہ اختیار میں تبدیلی کی درخواست دے سکیں۔