کٹھمنڈو کی جیل سے سینکڑوں قیدی فرار، فوجی روکنے کی کوشش کرتے رہے
فوج سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ احتجاج ختم ، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں
کھٹمنڈو (آئی این پی) نیپال میں حکومت مخالف پرتشدد احتجاج کے دوران بڑی تعداد میں قیدی جیلوں سے فرار ہوگئے۔نیپالی پولیس کے ترجمان کے مطابق ملک بھر کی مختلف جیلوں سے 13 ہزار 500 قیدی بھاگ نکلے ہیں جبکہ جھڑپوں کے دوران 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ کٹھمنڈو کی دلی بازار جیل سے سینکڑوں قیدی فرار ہوئے جنہیں فوجی اہلکار روکنے کی کوشش کرتے رہے۔صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس زیادہ تر علاقوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے اور صرف ہیڈکوارٹرز تک محدود ہے، جب کہ نیپالی فوج نے دارالحکومت میں گشت شروع کر دیا ہے اور لاڈ اسپیکروں کے ذریعے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا۔فوج کے سربراہ جنرل اشوک راج سگڈیل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتجاج ختم کریں اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں