پشاور: خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے کے مخصوص 12 اضلاع کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت مذکورہ 12 اضلاع کے انتظامی معاملات دیکھیں گے۔ ان کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔محمد یحییٰ اخونزادہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے۔ ان کا تعلق چارسدہ سے ہے اور وہ مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ ماضی میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ، خیبر پختونخوا میں سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری تعلیم اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان بھی رہ چکے ہیں۔اعلامیے کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ کی تعیناتی تاحکمِ ثانی مؤثر رہے گی۔