پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 42 مختلف مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ اپنی ضمانت کے لیے پیش ہوئی تھیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں عدالت آ کر معلوم ہوا کہ وہ متعدد مقدمات میں شامل تفتیش ہیں، جن میں کچھ سیاسی نوعیت کے بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ سب کچھ ایک منظم سیاسی انتقام کا حصہ لگتا ہے، لیکن ہم خوفزدہ نہیں، انصاف کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔"انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنما جنید اکبر کو پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت اس لیے دی ہے تاکہ وہ خیبرپختونخوا سے تحریک کی قیادت پر مکمل توجہ دے سکیں۔
علیمہ خان کے مطابق جنید اکبر کو عمران خان نے نہ صرف تحریک کا ٹاسک سونپا ہے بلکہ انہیں فیصلہ سازی کا مکمل اختیار بھی دیا ہے۔تحریک کا بنیادی مقصد، ان کے مطابق، بانیٔ پی ٹی آئی، دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی، شفاف انتخابات کے انعقاد اور دھاندلی کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے چلائی جائے گی، اور قوم کو درپیش سیاسی ناانصافیوں کے خلاف منظم مزاحمت کی علامت بنے گی۔