سیز فائربھارت کی درخواست پر ہوا لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری
مشکل فیصلوں پر ساتھ دینے پر عوام ، وزیر اعظم ، کابینہ کے شکر گزار ہیں ، تمام جماعتوں نے سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر فوج کیساتھ کھڑے ہونیکا بہترین مظاہرہ کیا دشمن کو منہ توڑ جواب کا وعدہ پورا سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہمارا رد عمل فیصلہ کن ہوگا،کوئی پائلٹ ہماری حراست میں نہیں : پریس بریفنگ
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، مسلح افواج نے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا،مشکل فیصلوں پر ساتھ دینے پر عوام ، وزیر اعظم ، کابینہ کے شکر گزار ہیں ، تمام جماعتوں نے سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر فوج کیساتھ کھڑے ہونیکا بہترین مظاہرہ کیا،آپریشن بنیان مرصوص میں 26 بھارتی فوجی تنصیبات ، دہشت گردی کے تربیتی مراکز تباہ کردئیے،دو مقامات پر ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایاگیا۔پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست نہیں کی یہ بھارت کی خواہش تھی اس نے جارحیت کرکے بیگناہ پاکستانیوں کا خون بہایا،کوئی شک میں نہ رہے جب بھی سرحدوں کی خلاف ورزی کی گئی ہمارا رد عمل فیصلہ کن ہوگا،کوئی بھارتی پائلٹ ہماری حراست میں نہیں ہے ، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو اپنی پراکسیز کے ذریعے فروغ دے رہا ہے۔ وطن کے دفاع میں جان دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے سینئر افسروں کے ساتھ میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاک فوج نے اپنی قوم سے وعدہ کیا تھا پاکستان کا جواب بھرپور ہوگا، ہم نے قوم سے کہا تھا ہمارے جواب کا وقت، مقام اور طریقہ ہم خود طے کریں گے، ہم نے کہا تھا جب ہم جواب دیں گے تو صرف انڈین میڈیا نہیں پوری دنیا کے میڈیا کو اس کا پتہ ہوگا۔ پاکستانی افواج اپنے غیور اور بہادر عوام کاشکریہ ادا کرتی ہیں۔ 6 اور7 مئی کو بھارتی جارحیت سے بچوں اور خاتون سمیت معصوم افراد شہید ہوئے، بھارت نے آزاد کشمیر کی سویلین آباد کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا،ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نیکہا پاک فوج نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے 26 ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، اْڑی نیٹ ورکس سٹیشن اور پونچھ راڈار کو نشانہ بنایا، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اس نے فتح سے نوازا۔وزیراعظم اور وزرا کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اہم فیصلے کیے، پاکستان کیخلاف آپریشن کرنے والی تمام جگہوں پر پاکستان نے جواب دیا، عوام، جوانوں اور سیاسی قیادت کے شکرگزار ہیں جو ریاست کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جس میں تینوں افواج کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حقیقت وقت پر صورتحال کی آگاہی، نیٹ ورک سینٹر، وار فیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی مکمل صلاحیت بروئے کار لائی گئی۔ان کا کہنا تھا زمین، فضا، سمندر اور سائبر سپیس میں مکمل ہم آہنگی سے اہم اہداف کو تباہ کیا گیا اور پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا، وہ تنصیبات جو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ میں استعمال ہوتی ہیں ان تنصیبات کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ بھارت کے اندر بھی نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا نشانہ بنانے والے مقامات میں سورت گڑھ ، سرسہ، بجھ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور، نالیہ، برنالا، بٹھنڈہ، الواڑا، سری نگر، جموں، مامون، امبالا اور پٹھان کورٹ شامل تھے، بیاس اور نگروٹا میں موجود براہموس میزائل کے ذخائر جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال ہوئے ان کو تباہ کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت کے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو پاک فضائیہ نے بوجھ اور آدم پور مقامات پر نشانہ بنایا جبکہ اڑی میں فیلڈ سپلائی ڈیپو اور پونجھ میں ریڈار سسٹم جیسے لاجسٹک اور سپورٹ مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا، کے جی ٹاپ، نوشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا۔انہوں نے کہا راجوڑی اور نوشہرہ میں موجود ملٹری اینٹلی جنس کی یونٹس اور ان کی فیلڈ عناصر جو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پراکسیز کو سپورٹ دیتے تھے ان کو بھی ختم کیا گیا۔ لائن آف کنٹرول پر وہ تمام آرٹلری، لاجسٹک اور پوسٹیں جو آزاد کشمیر میں شہریوں پر فائرنگ کرتی تھی ان پر شدید اور مسلسل جوابی کارروائی کی گئی یہاں تک کہ انہوں نے سفید جھنڈے لہرادئیے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاکہ عوام میں خوف پھیلایا جاسکے اور ان کو ڈرایا جاسکے اس کے رد عمل میں پاکستان کے مسلح ڈرون بھارت کے دارالحکومت نئی دلی سمیت بڑے شہروں اور مقبوضہ کشمیر سے لے کر گجرات تک مسلسل پرواز کرتے رہے تاکہ پاکستان کی صلاحیت کا نہ صرف اظہار کیا جاسکے بلکہ یہ بتایا جاسکے اس ڈرون کے ڈومینز کا موجودہ وار فیئر میں کوئی فائدہ نہیں۔ترجمان نے کہا پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے جس کے نتیجے میں ان بھارتی اہم مواصلاتی اور انفراسٹرکچر نظام کو مفلوج کیا گیا جو بھارتی افواج استعمال کررہی تھیں، یہ یاد رہے کہ پاکستانی افواج کے پاس ایسی کئی جدید جنگیں صلاحیتیں موجود ہیں جن میں کچھ کا استعمال محدود سطح پر کیا گیا جب کہ کئی صلاحیتیں آئندہ کے لیے محفوظ رکھی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کے باوجود میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کا ردعمل نہایت درست، متوازن اور محدود نوعیت کا رہا، پاکستان نے نہایت مخصوص اہداف کو منتخب کیا تاکہ عام شہری متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جب مشرقی سرحد پر افواج پاکستان دفاع میں مصروف تھی تو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جو اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو اپنی پراکسیز کے ذریعے فروغ دے رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسی کو بھی کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ جب کبھی ہماری خود مختاری یا سرحدوں کی خلاف ورزی کی گئی، ہمارا رد عمل جامع، جوابی اور فیصلہ کن ہوگا۔انہوں نے کہا پاکستان کے ان نوجوانوں کے بھی مقروض ہیں جو سائبر اور انفارمیشن کے محاذ پر صف اول کے سپاہی بنے، پاکستان کے متحرک اور بہادر میڈیا کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے بھارت کے پروپیگنڈا اور جنگی جنون کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی حملوں کی انٹرنیشنل اور بھارتی میڈیا پر کوریج کے کلپس دکھائے اور کہا پوری دنیا نے دیکھا اور رپورٹ کیا، ہم نے یہی وعدہ کیا تھا جو پورا کیا۔انہوں نے بھارتی وزارت دفاع کی نمائندوں کا ویڈیو کلپ دکھایا جس میں وہ پاکستانی افواج کے حملوں کی تفصیلات بیان کررہی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور بھارٹی میڈیا رپورٹ کررہا ہے کہ بھارت میں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ہم نے آپ سے کہا تھا کہ ہم عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے، ہمار امذہب، ہماری ثقافت اور ہماری مسلح افواج کا پروفیشنل ازم اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پھر آپ نے دیکھا کہ کس نے پیچھے ہٹنے کی بات کی۔