ہائیکورٹ :فیروزوالہ کے چک 43کی بجلی بحال کرنے کاحکم

بجلی چوری پر پورے گا ئوں کی بجلی منقطع کرنا غیر قانونی اقدام :درخواست گزار
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے فیروز والہ کے گا ئوں چک نمبر 43 کی بجلی منقطع کرنے کے خلاف درخواست پر درخواست گزاروں کی بجلی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست گزار بشریٰ بی بی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ لیسکو نے گا ئوں چک 43 کی بجلی منقطع کر دی ہے،لیسکو نے جنوری 2025 سے بجلی منقطع کر رکھی ہے،درخواست گزاروں نے اب تک تمام بلز ادا کیے ہیں،بجلی چوری کرنے والے افراد تک کارروائی کی جائے،بجلی چوری کرنے کے الزام پر پورے گا ئوں کی بجلی منقطع کرنا غیر قانونی اقدام ہے،عدالت درخواست گزاروں کی بجلی بحال کرنے کا حکم دے،لیسکو کے وکیل نے بتایا کہ چک 43 میں لیسکو نے 300 سے زائد میٹر لگائے ہیں،گا ئوں کے 139 میٹر براہ راست بجلی چوری میں ملوث ہیں،لیسکو نے دو درخواست گزاروں کے خلاف بھی بجلی چوری کا مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔