اوٹاوا(آئی این پی ) دہشت گردی کی سازش کے ملزم پاکستانی شہری شاہ زیب خان کو کینیڈا سے امریکا بدر کردیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق 20 سالہ شاہزیب خان کو امریکی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے ۔محمد شاہ زیب خان کو شاہ زیب جدون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق شاہ زیب نے نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک یہودی مرکز پر حملے کی سازش کی تھی اور نیویارک ہی میں اس پر فردجرم داخل کی گئی ہے۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شاہ زیب خان نے سازش میں شریک کرنے کیلئے جن افراد سے رابطہ کیا ان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے 2 خفیہ اہلکار بھی شامل تھے۔