گیس سلنڈر دھماکوں کے بڑھتے واقعات نہایت تشویشناک ہیں:ایاز صادق

شادی کے موقع پر گیس سلنڈر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی خبر سن کر دل رنجیدہ ہے‘متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں
 متعلقہ ادارے گیس سلنڈرز کی ترسیل، فروخت اور استعمال سے متعلق حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں:سپیکر قومی اسمبلی
 اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیکٹر جی-7، اسلام آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ایک بیان میںسپیکرسردار ایازصادق نے کہا کہ شادی کے موقع پر گیس سلنڈر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی خبر سن کر دل رنجیدہ ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا اور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گیس سلنڈر دھماکوں کے بڑھتے ہوئے واقعات نہایت تشویشناک ہیںاسپیکر قومی اسمبلی نے گیس سلنڈرز کے غیر محفوظ استعمال کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ متعلقہ ادارے گیس سلنڈرز کی ترسیل، فروخت اور استعمال سے متعلق حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعاکی۔