شام میں جنگ کے بعدامن و استحکام کی ضرورت:عبوری وزیراعظم

 محمد البشیرکاشام کا لازمی سروس میں بھرتی ہونیوالے فوجیوں کیلئے عام معافی کا اعلان  
 دمشق(آئی این پی) شام کے عبوری وزیراعظم محمد البشیر نے کہا کہ شام میں14 سالہ جنگ کے بعدامن اور استحکام کی ضرورت ہے جبکہ شام نے لازمی سروس میں بھرتی ہونیوالے فوجیوں کیلئے عام معافی کا اعلان کیا ہے ۔شام کے عبوری وزیراعظم محمد البشیر نے عرب ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے امن و استحکام کا وقت آگیا ہے جنگ سے تباہ شدہ ملک کو مل کر بحرانوں سے نکالیں گے، کابینہ کی تشکیل کیلئے اسد حکومت کے ارکان سے بھی ملاقات کی، انتطامی امور چلانے کیلئے پرانی حکومت کے ارکان کی ضرورت ہے۔محمد البشیر نے مزید کہا کہ ہمارے پاس آئینی نظام نہیں، عوام کی خدمت پر فوکس کریں گے۔دوسری جانب شام کی اپوزیشن کے ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے لازمی سروس کے تحت بھرتی ہونے والے تمام فوجیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہاکہ ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ لازمی طور پر بھرتی ہونے والے تمام فوجیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتا ہے، ان کی جان امن میں ہے اور ان پر حملہ کرنا منع ہے۔