پوسٹ آفسز میں شناختی کارڈ سروس بندکرنے کااعلان

فیصلہ عوام کے کم استعمال اوروسیع پیمانے پر آگاہی کی کمی کے باعث کیا گیا،رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی )نادرا کی جانب سے ملک بھر میں پوسٹ آفسز میں شناختی کارڈ سروس بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے پاکستان بھر کے جنرل پوسٹ آفسز میں شناختی کارڈ سے متعلق دی جانے والی خدمات کو باضابطہ طور پر بند کردیا۔ یہ فیصلہ عوام کے کم استعمال اور وسیع پیمانے پر آگاہی کی کمی کے باعث کیا گیا۔ نادرا کی جانب سے تین سال قبل عوام تک کلیدی خدمات کی رسائی آسان بنانے کیلئے یہ اقدام کیا گیا تھا، جس میں قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ایڈریس اپ ڈیٹ اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلیوں سمیت دیگر سہولتیں شامل تھیں۔رپورٹ کے مطابق اہم خدمات کی فراہمی اور نادرا کے مرکزی سروس سینٹرز میں رش کو کامیابی سے کم کرنے کے باوجودیہ اقدام قابل ذکر توجہ حاصل کرنے میں بالکل ناکام رہا۔ عہدیداروں نے پروگرام کی محدود رسائی کی وجہ ناکافی عوامی بیداری کو قرار دیا۔اس سروس کے خاتمے کے اعلان کے بعد نادرا نے جی پی اوز میں تعینات تمام عملے کو سامان اور جمع شدہ سروس فیس کی رقوم واپس جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی۔دوسری جانب ڈیلیوری کیلئے تیار قومی شناختی کارڈز والے درخواست دہندگان کو ترجیح دی جارہی ہے کہ وہ کائونٹرز کی حتمی بندش سے قبل ہی اپنی دستاویزات حاصل کرلیں، اس فیصلے سے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں تقریبا ً83 کانٹرز متاثر ہوئے ہیں۔