موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، بچی لہولہان

لاہور (کرائم رپورٹر) جنوبی چھائونی کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 3 سالہ بچی زخمی ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی سیرت فاطمہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔چوکی انچارج نادر آباد نعیم سلطان کے مطابق واقعہ میں پولیس ملازم کے ملوث ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے والد وقار علی کی مدعیت میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔اے ایس پی ڈیفنس سٹی بانو نقوی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے اے ایس پی ڈیفنس کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔