جرمن سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گہری اور طویل دوستی ہے

جرمن سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گہری اور طویل دوستی ہے

پاکستان میں تعینات جرمن سفیر اینا لیپل (Anke Lippe) نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستی اور تعاون کی ایک طویل اور مضبوط تاریخ ہے، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

وہ جرمنی کے 35ویں "یومِ اتحاد (German Unity Day)" کے موقع پر دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہی تھیں، جس کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا۔اپنے خطاب میں جرمن سفیر نے کہا کہ آج ہم جرمنی کی دوبارہ یکجہتی کے 35 سال مکمل ہونے کا دن منا رہے ہیں — وہ تاریخی دن جب جرمن عوام کی پُرامن جدوجہد نے 41 سالہ علیحدگی کا خاتمہ کر کے جرمنی کو ایک متحد قوم بنا دیا۔اینا لیپل نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا جرمنی کی ترقی میں نمایاں کردار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، تجارت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں تعاون موجود ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کو ’’مشرق و مغرب کے درمیان ایک فکری پل‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کے جرمنی میں قیام اور نظم "ایک شام" کا خصوصی حوالہ دیا۔

عشائیے میں پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں عطا تارڑ نے جرمن حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہم جرمن عوام کی اس عظیم جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جس نے دنیا کو امید، جوش اور یکجہتی کا پیغام دیا۔‘‘وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور ہمیں اُمید ہے کہ مستقبل میں یہ تعلقات تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کے نئے دروازے کھولیں گے۔تقریب میں سفارتی، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر جرمن حکومت اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ثقافتی اسٹالز لگائے گئے، جبکہ جرمنی کی یونٹی کے تاریخی سفر پر مبنی ایک دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔