ملتان کا اے کیوآئی 1900 ،آلودہ ترین شہروں میں پہلا، لاہور کادوسرا نمبر
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب میں سموگ او ردھند کا راج برقرار ،ملتان جمعہ ، ہفتہ کی درمیانی شب دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا اور اسکا ایئر کوالٹی انڈیکس 1900 سے تجاوز کر گیا،آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر رہا ، صبح کے وقت اسکااے کیوآئی 1260 ، ملتان کا د ن کواوسط اے کیوآئی 849 ، لاہور 449 ،پشاور297 ، راولپنڈی 264 ،اسلام آباد 241 جبکہ ہمسایہ ملک بھارتی شہر دہلی کا اے کیوآئی 219 رہا۔ہفتہ کی صبح بھی ملتان میں شدید سموگ سے سڑکوں پر ٹریفک کم دکھائی دی۔دوپہر بارہ بجے ملتا ن کا اے کیوآئی1075 تھا۔ پنجاب حکومت کیسموگ ایمرجنسی اعلان پرملتان میں آج شروع ہونے والا دو روزہ ملتان لٹریری فیسٹیول بھی منسوخ کر دیا گیا۔ لاہور والڈ سٹی اتھارٹی نے بھی شہر میں تمام سیاحتی وتفریحی پروگرام اور تقریبات 17 نومبر تک معطل کردی ہیں۔دھند اور سموگ کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے بند کر دی گئی ، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 2 لاہور سے سیالکوٹ، کوٹ سرور جبکہ موٹروے ایم3 سمندری سے درکھانہ ،موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند کی گئی ہے ۔موٹروے پولیس کاکہناہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ دن میں سفر کو ترجیح دیں اور گاڑیوں میں دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ موٹرویز کی بندش سے شہر میں ٹریفک کاغیر معمولی لوڈ بڑھنے پر سرکل افسرشہرکے داخلی و خارجی راستوں پر موجود رہ کر ٹریفک کلیئر کرائیں ۔ٹریفک افسروں کو ریفلیکٹرز، فلیشر لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی۔ لاہور میں سموگ کی شدت برقرار رہنے سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔شہر کے صرف گلاب دیوی ہسپتال میں ناک، کان، گلے، آنکھ اور سینے کے مریضوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ۔ایم ایس گلاب دیوی ہسپتال ڈاکٹر حامد حسن کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں سموگ سے 14 ہزار مریض ہسپتال آئے رواں سال یہ تعداد 30 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ کے دوران شہری لاپرواہی مت کریں ،ماسک ضرور پہنیں۔فیصل آباد میں بھی سموگ پر اے کیوآئی مزید خراب ہوگیا، شہر کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے۔ دوسری جانب سموگ اور انتظامی مسائل پر6 پروازیں منسوخ اور 29 تاخیر شکار ہو گئیں۔فلائٹ آپریشن کے مطابق لاہور سے ریاض کی پی آئی اے پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ سموگ سے ملتان اور فیصل آباد کا فلائٹ آپریشن آج بھی متاثر ہے، 4 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ فیصل آباد سے دبئی کی پرواز 3 گھنٹے تاخیر کا شکار،کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 213 ڈھائی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔