پاکستان نے تاریخ رقم کردی:آسٹریلیا کوہوم گرائونڈپر22سال بعد شکست (صدر،وزیراعظم ،چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد)

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے 3، 3وکٹ لیں، قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ ، بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے
کھلاڑیوں نے قوم کاسرفخر سے بلند کردیا،ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری ٹیم اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے، امید کرتے ہیں قومی ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی،صدرمملکت، وزیراعظم اور چیئرمین پی سی بی نے تاریخی فتح پر ٹیم کو مباکباد دی 
پرتھ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی سکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں، انکے علاوہ کوئی بھی بائولر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پلئینگ الیون میں5 تبدیلیاں کی گئیں۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کی آسٹریلیا کیخلاف تاریخی فتح پر ٹیم کو مباکباد پیش کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اور قوم کیلئے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے، پاکستان کے بائولرز اور بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 22 سال بعد فتح قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی محنت کا صلہ ہے۔اس سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور مینیجمینٹ کی محنت عیاں تھی اور پاکستان کرکٹ ٹیم اس جیت کی پوری طرح مستحق ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری ٹیم اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے، امید کرتے ہیں کہ قومی ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ غیر معمولی کارکردگی پر رضوان الیون کو سراہا، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دیکر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔قومی کرکٹر نے فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا، یہ جیت ٹیم کیلئے مزید کامیابیوں کا اہم سہرا ثابت ہوگی۔