جوابی آپریشن کیا تو 24 گھنٹے سے بھی پہلے بھارت بات چیت کیلئے تیار :بلاول
پس پشت سیاسی قیادت ،قوم کے اتحاد نے دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا:فضل الرحمن
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر مسلم لیگ کے صدر نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا اللہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا،میں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے جوابی آپریشن کیا تو 24 گھنٹے سے پہلے بھارت بھی بات چیت کیلئے تیار ہوگیا، پاک فوج کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتاہوں، پاکستان ایئرفورس نے وہ جہاز بھی گرائے جو آج تک کسی نے نہیں گرائے، ہماری افواج میں وہ صلاحیت ہے کہ منہ توڑ جواب دے سکتی ہے۔پاکستان نے واضح کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو دنیا دیکھے گی اوراس کی گونج ہوگی، پاکستان کے جواب کی گونج ایسی تھی کہ بھارت بات چیت کیلئے تیار ہوگیا۔ بھارت عالمی معاہدوں پر ایسے حملے کریگا تو مستقبل میں کیسے بھروسا کیاجائیگا۔ امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں چلے،پاکستان مذاکرات کو امن کا پائیدار حل سمجھتا ہے، میزائلوں اور ڈرونز کے سائے میں مذاکرات ممکن نہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا مشکل گھڑی میں بھارتی جارحیت کے مقابلے میں اللہ کریم کی مدد ونصرت اور قوم کی ثابت قدمی نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ حالیہ تنازع میں بے گناہ شہریوں کی شہادت کو اللہ کریم شرف قبولیت عطاء فرمائے۔ خطے کو آگ وخون میں دھکیلنے کی بھارتی و اسرائیلی سازش ناکام ہوئی۔ مضبوط دفاعی قوت کے پس پشت سیاسی قیادت اور قوم کے اتحاد نے دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا، اللہ کریم آئندہ بھی ہر قسم کے آزمائشوں سے محفوظ رکھے، اللہ کریم وطن عزیز کو سلامت رکھے اور قوم کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی بہاریں نصیب ہوں۔