کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں پر حملے کے کیس میں پولیس نے چالان عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چینی باشندوں پر خودکش حملے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس نے چالان میں ملزمان کی تفصیلات فراہم کیں۔چالان کے مطابق، ملزمان بشیر، عبدالرحمٰن عرف رحما گل اور سراج عرف دانش مفرور ہیں، جبکہ دو ملزمان محمد جاوید اور مسمات گل نساء گرفتار ہیں۔ 6 اکتوبر 2024 کو رات 11 بجے سول ایوی ایشن کے گارڈ روم کے سامنے دھماکا ہوا تھا جس کی ذمے داری بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ نے سوشل میڈیا پر قبول کی تھی۔چالان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں کو مبینہ طور پر کسی غیر ملکی ملک دشمن خفیہ ایجنسی کی مدد حاصل تھی، اور خودکش دھماکے کا مقصد پاکستان اور چین کے تعلقات کو متاثر کرنا تھا۔ دھماکے کا مقصد ملک کی سلامتی کو متاثر کرنا، معاشی قتل اور مالی فوائد حاصل کرنا تھا۔ اس خودکش دھماکے میں دو چینی باشندے ہلاک ہو گئے اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔چالان کے مطابق، گرفتار ملزم جاوید نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر دھماکے کی سہولت فراہم کی، اور ملزمہ گل نساء نے خودکش حملہ آور کو کراچی میں داخل کرایا تھا۔