شہر میں جھلسا دینے والی گرمی برقرار، بارش کا کوئی امکان نہیں

 شہر میں جھلسا دینے والی گرمی برقرار، بارش کا کوئی امکان نہیں

شہر بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور سورج گویا آگ برسا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جو کہ انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 41 فیصد بتایا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ لو (گرم ہواؤں) کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موسم میں ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر:
دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔
دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔
زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
بوڑھوں، بچوں اور مریضوں کو خاص طور پر گرمی سے بچایا جائے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، لہٰذا عوام گرمی کی اس شدید لہر کے لیے ذہنی و جسمانی طور پر تیار رہیں۔